امریکا ایران کو کبھی جوہری ہتھیار بنانے نہیں دے گا، مارکو روبیو

image

امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایران کے ساتھ کشیدگی کے خاتمے کے لیے سفارتکاری کو ترجیح دیتے ہیں اور اس وقت دونوں ممالک کے درمیان مختلف فریقین کے ذریعے بالواسطہ مذاکرات جاری ہیں۔

الجزیرہ کو دیے گئے انٹرویو میں انہوں نے واضح کیا کہ صدر ٹرمپ ہمیشہ سے مذاکرات کے ذریعے نتائج کے حامی رہے ہیں اور یہ مسئلہ پہلے بھی حل ہو سکتا تھا۔

آبنائے ہرمز کی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے مارکو روبیو نے کہا کہ امریکی فوجی آپریشن کے اختتام پر یہ بحری راستہ ہر صورت کھولا جائے گا، چاہے اس کے لیے ایران کی رضامندی حاصل ہو یا عالمی فوجی اتحاد کا سہارا لینا پڑے۔

انہوں نے خبردار کیا کہ اگر ایران نے اس آبی راستے کو بند رکھنے کی کوشش کی تو اسے سنگین نتائج بھگتنا ہوں گے۔

روبیو نے ایرانی حکومت پر الزام عائد کیا کہ وہ اپنے وسائل حماس، حزب اللہ اور عراقی ملیشیاؤں کی حمایت پر ضائع کر کے خطے کے ممالک کو ہراساں کر رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایران کے مختصر فاصلے تک مار کرنے والے میزائلوں کا مقصد سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور دیگر خلیجی ممالک کو نشانہ بنانا ہے، تاہم امریکا ایران کو کبھی جوہری ہتھیار بنانے اور دنیا کو بلیک میل کرنے کی اجازت نہیں دے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ امریکی اہداف بالکل واضح ہیں جو چند ہفتوں میں حاصل کر لیے جائیں گے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US