خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی فورسز نے دو مختلف کارروائیوں کے دوران 13 خوارج کو ہلاک کر دیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق کارروائیاں باڑہ اور بنوں کے علاقوں میں کی گئیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق باڑہ میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 10 خوارج کو ہلاک کیا گیا جبکہ ضلع بنوں میں ایک اور کارروائی میں 3 خوارج مارے گئے۔
فوجی حکام کا کہنا ہے کہ علاقے میں خوارج کے مکمل خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشنز جاری ہیں اور سیکیورٹی فورسز دہشتگردی کے خلاف بھرپور کارروائیاں کر رہی ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کامیاب آپریشنز پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ فورسز نے پیشہ ورانہ مہارت سے بنوں اور باڑہ میں دہشتگردوں کا خاتمہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی فورسز دہشتگردی کے خلاف سیسہ پلائی دیوار کی مانند کھڑی ہیں۔