پورٹ قاسم پر تیل سے لدے جہازوں کی آمد کا سلسلہ جاری

image

کراچی کی بندرگاہ پورٹ قاسم پر پیٹرولیم مصنوعات سے لدے جہازوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے، آج ایک اور ایندھن سے بھرا بحری جہاز لنگر انداز ہوگیا۔

پورٹ قاسم پر سعودی عرب کی بندرگاہ جیزان پورٹ سے پیٹرول لانے والا ایک اور جہاز پہنچ گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق ایم ٹی پیٹازولی 38 ہزار 965 میٹرک ٹن موٹر آئل لے کر بندرگاہ پر پہنچا، جسے فوٹکو ٹرمینل پر لنگر انداز کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ پورٹ قاسم کے آؤٹر اینکریج پر کوئلے کے دو اور پام آئل کا ایک جہاز بھی لنگر انداز ہونے کے لیے تیار ہے۔

حکام کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مجموعی طور پر 10 جہازوں کی ہینڈلنگ کی گئی۔ اس وقت بندرگاہ پر کنٹینرز کے 2، بلک کارگو کے 5 اور پیٹرولیم مصنوعات کے 3 جہاز موجود ہیں۔

کارگو اعداد و شمار کے مطابق پورٹ قاسم پر مجموعی طور پر 1 لاکھ 68 ہزار 850 میٹرک ٹن سامان ریکارڈ کیا گیا، جس میں درآمدی کارگو 1 لاکھ 36 ہزار 936 میٹرک ٹن جبکہ برآمدی کارگو 31 ہزار 914 میٹرک ٹن رہا۔

مزید برآں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 8 جہاز پورٹ قاسم بندرگاہ پر پہنچے جبکہ 2 جہاز روانہ ہو چکے ہیں، اور مزید 3 جہازوں کی روانگی متوقع ہے۔

پورٹ حکام کے مطابق تمام جہازوں سے کارگو کی بروقت ہینڈلنگ کیلیے انتظامات مکمل ہیں۔ بحری ماہرین کے مطابق خام تیل اور پیٹرول کی بڑی مقدار کی درآمد سے نہ صرف سپلائی چین مستحکم ہوگی بلکہ ملک میں ایندھن کی دستیابی کو یقینی بنانے میں بھی مدد ملے گی.

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ آئل ٹینکرز کی بروقت آمد سے ریفائنریز کی پیداوار متاثر نہیں ہوگی اور مارکیٹ میں پیٹرولیم مصنوعات کی روانی برقرار رہے گی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US