الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سندھ کے 16 اضلاع کی 45 خالی نشستوں پر ضمنی بلدیاتی انتخابات کا شیڈول جاری کر دیا ہے۔
جاری کردہ اعلامیے کے مطابق حیدرآباد، سکھر، ٹنڈوالہیار، جامشورو، مٹیاری، دادو، نوشہروفیروز، سانگھڑ، گھوٹکی، خیرپور، ٹھٹھہ، بدین، سجاول، جیکب آباد، کشمور اور شکارپور میں ضمنی انتخابات منعقد کیے جائیں گے۔
انتخابی شیڈول کے تحت 2 اپریل 2026 کو ریٹرننگ افسران پبلک نوٹس جاری کریں گے، جس کے بعد 6 سے 8 اپریل تک کاغذاتِ نامزدگی جمع کروائے جا سکیں گے۔ کاغذات کی جانچ پڑتال 13 سے 15 اپریل تک ہوگی اور امیدواروں کی ابتدائی فہرست 16 اپریل کو جاری کی جائے گی۔
شیڈول کے مطابق کاغذاتِ نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ 30 اپریل مقرر کی گئی ہے، جبکہ 4 مئی 2026 کو امیدواروں کی حتمی فہرست شائع کر کے انہیں انتخابی نشانات الاٹ کیے جائیں گے۔
مذکورہ 45 نشستوں پر پولنگ 17 مئی 2026 کو ہوگی، جو صبح 8 بجے سے شام 4 بجے تک بلا تعطل جاری رہے گی۔