عوامی شکایات کے ازالے کے لیے وزیراعلیٰ سندھ کا اہم اقدام

image

وزیراعلیٰ سندھ کی ہدایت پر عوامی شکایات کے ازالے کے لیے وزیراعلیٰ سیکریٹریٹ میں قائم "پبلک کمپلینٹ سیل" (919) میں وزراء، مشیران، معاونین خصوصی اور ترجمانوں کی موجودگی کا باضابطہ شیڈول جاری کر دیا گیا ہے۔

اس اہم اقدام کا مقصد عام آدمی کے مسائل کو براہ راست سننا اور ان کے حل کے لیے فوری اقدامات کو یقینی بنانا ہے۔

جاری کردہ شیڈول کے مطابق مقررہ دنوں اور اوقات میں مختلف صوبائی وزراء اور ترجمان سیل میں موجود رہیں گے تاکہ عوام کی جانب سے موصول ہونے والی شکایات کا جائزہ لیا جا سکے اور متعلقہ محکموں کو ان کی فوری درستگی کے لیے احکامات جاری کیے جا سکیں۔

اس عمل سے نہ صرف حکومتی نمائندوں اور عوام کے درمیان رابطہ بہتر ہوگا بلکہ سرکاری سطح پر شکایات کے حل میں حائل رکاوٹیں بھی دور ہوں گی۔

وزیراعلیٰ سندھ کی جانب سے یہ واضح کیا گیا ہے کہ شکایات کے سیل کو فعال بنانے کا مقصد گورننس میں بہتری لانا ہے تاکہ شہریوں کو اپنے جائز مسائل کے حل کے لیے دفاتر کے چکر نہ کاٹنے پڑیں اور حکومتی ٹیم براہ راست عوامی جوابدہی کے لیے دستیاب ہو۔

یہ سیل 24 گھنٹے فعال رہتا ہے، تاہم نئے شیڈول کے تحت سیاسی قیادت کی موجودگی سے شکایات پر عملدرآمد کی رفتار کو مزید تیز کیا جائے گا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US