وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس: ملازمت کے مواقع بڑھانے پر اقدامات کا جائزہ

image

وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں نوجوانوں کے لیے ملازمت کے مواقع بڑھانے اور پیشہ ورانہ تربیت فراہم کرنے کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔

وزیراعظم نے رانا مشہود احمد خان کی سربراہی میں پی ایم یوتھ پروگرام کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ نوجوان ہماری قوم کا مستقبل ہیں۔ انہوں نے نوجوانوں کو تکنیکی اور فنی تربیت فراہم کرنے اور انہیں افرادی قوت میں شامل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

اجلاس میں وزیراعظم نے ہدایت کی کہ نوجوانوں کو جدید تقاضوں کے مطابق تربیت فراہم کرنے کے اقدامات میں مزید تیزی لائی جائے۔ انہوں نے نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن (نیووٹک) میں حالیہ اصلاحات کی تعریف کی اور کہا کہ اس سے نوجوانوں کی تکنیکی تربیت میں بہتری آئی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ نوجوان افرادی قوت کی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کے لیے نیووٹک کے تحت شروع کیے گئے جامع تربیتی پروگرام کے مثبت نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں اور بین الاقوامی سطح پر زیادہ مانگ والے ہنر کے حوالے سے نوجوانوں کو بین الاقوامی سرٹیفیکیشن کے ساتھ تربیت فراہم کرنا اولین ترجیح ہے۔

اجلاس میں وزیراعظم کو بتایا گیا کہ پرائم منسٹر یوتھ پروگرام اور وزارت خارجہ نے نوجوانوں کے لیے قومی اور بین الاقوامی سطح پر ملازمت کے متعدد مواقع شناخت کر لیے ہیں اور مزید مواقع تلاش کرنے پر کام جاری ہے۔ پی ایم یوتھ ہب نوجوانوں کو ملازمت کے مواقع کی معلومات کے حوالے سے مرکزی حیثیت اختیار کر چکا ہے۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ بیرونی ممالک میں آئی ٹی، صحت، تعمیرات، سیاحت، لاجسٹکس ودیگر شعبوں میں ملازمت کے مواقع موجود ہیں۔ ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان کی 282 جامعات سے فارغ التحصیل طلبا کی ڈیجیٹل ایپ کے ذریعے روزگار کے حوالے سے ٹریکنگ کر رہا ہے، جس سے مستقبل میں تعلیمی پالیسی بنانے میں مدد ملے گی۔

مزید برآں، وفاقی وزارت تعلیم کے تحت 32 تعلیمی اداروں میں میٹرک ٹیک (Matric-Tech) متعارف کرایا گیا ہے اور انٹر ٹیک بھی جلد متعارف کروایا جائے گا تاکہ فنی و تکنیکی تربیت کو فروغ دیا جا سکے۔

اجلاس میں وفاقی وزرا ڈاکٹر مصدق مسعود ملک، احد خان چیمہ، محمد اورنگزیب، عطاء اللہ تارڑ، چوہدری سالک حسین، ڈاکٹر احسن اقبال، شزا فاطمہ خواجہ، وزیر مملکت بلال اظہر کیانی، چیئرمین پی ایم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان، چیئرمین ایچ ای سی اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران بھی شریک تھے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US