وزیراعلیٰ سندھ کی زیرصدارت جائزہ اجلاس، گل پلازہ متاثرین کیلیے مالی پیکیج کی منظوری

image

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیرصدارت گل پلازہ متاثرین کو معاوضے کی ادائیگی سے متعلق ایک اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں جاں بحق افراد کے لواحقین اور متاثرہ تاجروں کیلیے بڑے مالی پیکیج کی منظوری دی گئی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جاں بحق افراد کے لواحقین کیلئے 85 کروڑ روپے مختص کیے جائیں گے، جبکہ ہر متاثرہ خاندان کو ایک کروڑ روپے معاوضہ ادا کیا جائے گا۔

اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے کمشنر کراچی نے بتایا کہ 72 میں سے 61 متاثرہ خاندانوں کو ان کے گھروں پر جا کر چیک کے ذریعے معاوضہ ادا کیا جا چکا ہے، جبکہ چند کیسز میں نادرا کی بین الصوبائی تصدیق کا عمل جاری ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ تصدیقی عمل مزید تیز کیا جائے تاکہ باقی متاثرہ خاندانوں کو بھی جلد از جلد مالی امداد فراہم کی جا سکے۔

اجلاس میں متاثرہ تاجروں کیلئے 60 کروڑ روپے مختص کرنے کی بھی منظوری دی گئی، جبکہ فیصلہ کیا گیا کہ ہر دکاندار کو 5 لاکھ روپے امداد دی جائے گی۔

کمشنر کراچی کے مطابق اب تک 843 دکانداروں کو کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (KCCI) کے ذریعے مالی امداد فراہم کی جا چکی ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے دکانوں کی تعداد میں فرق سے متعلق معاملات پر بھی توجہ دیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ حتمی اور مستند فہرست فوری طور پر مرتب کی جائے تاکہ امدادی عمل میں شفافیت اور تیزی برقرار رکھی جاسکے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US