کراچی: شارع فیصل پر فنانس اینڈ ٹریڈ سینٹر میں آتشزدگی، ریسکیو آپریشن جاری

image

شہرِ قائد کی مصروف ترین شاہراہ شارع فیصل پر واقع فنانس اینڈ ٹریڈ سینٹر کی عمارت میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق آگ عمارت کی پہلی منزل پر لگی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے عمارت کے دیگر حصوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لینا شروع کر دیا۔

آتشزدگی کی اطلاع ملتے ہی کے ایم سی فائر بریگیڈ اور ریسکیو 1122 کی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں۔ امدادی کارروائیوں میں کے ایم سی کے دو فائر ٹینڈرز، ایک سنارکل، ایک واٹر باوزر جبکہ ریسکیو 1122 کے تین فائر ٹینڈرز حصہ لے رہے ہیں۔

چیف فائر آفیسر کے مطابق عمارت کے اندر چند افراد کے پھنسے ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، جس کے پیشِ نظر سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن بھی شروع کر دیا گیا ہے۔

ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ آگ پر قابو پانے اور عمارت میں موجود افراد کو بحفاظت نکالنے کے لیے کارروائیاں تیزی سے جاری ہیں، جبکہ علاقے میں ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی ہے۔

واقعے کی وجوہات تاحال سامنے نہیں آسکیں، تاہم متعلقہ حکام نے آگ لگنے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US