پیٹرولیم مصنوعات پر ممکنہ سبسڈی، آئی ایم ایف کا اظہارِ تشویش

image

بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات پر ممکنہ اضافی سبسڈی پر تشویش کا اظہار کیا ہے جبکہ حکومت نے یقین دہانی کرائی ہے کہ قرض پروگرام کے تحت ایندھن کی قیمتیں عالمی منڈی کے رجحان کے مطابق برقرار رکھی جائیں گی۔

ذرائع کے مطابق موجودہ پیٹرول سبسڈی عارضی نوعیت کی ہے اور اسے مرحلہ وار ختم کرنے کا امکان ہے۔ حکام نے کہا کہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں رد و بدل آئی ایم ایف سے کیے گئے وعدوں کے مطابق جاری رہے گا۔

کم آمدن والے خاندانوں کو ریلیف دینے کے لیے حکومت نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت مالی امداد میں اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کے تحت سہ ماہی وظیفہ 14,500 روپے سے بڑھا کر 19,500 روپے کرنے کی تجویز ہے، یعنی مستحق خاندانوں کو 5,000 روپے اضافی دیے جائیں گے۔ یہ اضافہ جنوری 2027 سے نافذ ہونے کا امکان ہے۔

حکومت صوبوں کے ساتھ مشاورت کر رہی ہے تاکہ موٹر سائیکل اور رکشہ استعمال کرنے والے کم آمدن شہریوں کے لیے ہدفی سبسڈی کا کوئی قابلِ عمل نظام بنایا جا سکے۔

کھاد اور زرعی ادویات پر فی الحال ٹیکس عائد نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاہم آئندہ بجٹ میں ان شعبوں پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی لگانے کی تجویز زیر غور ہے۔

ذرائع کے مطابق پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان مزید مالی گنجائش پیدا کرنے کے لیے مذاکرات جاری ہیں اور توقع ہے کہ ایگزیکٹو بورڈ آئندہ ایک ماہ میں پاکستان کے لیے 1.2 ارب ڈالر کی اگلی قسط کی منظوری دے سکتا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US