کراچی میں بارش کے بعد کے الیکٹرک کے 500 سے زائد فیڈرز بند، کئی علاقوں میں بجلی معطل

image

کراچی میں بارش کے باعث کے الیکٹرک کے بجلی کے نظام میں خلل پیدا ہو گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق 500 سے زائد فیڈرز ٹرپ ہو گئے ہیں جس کے نتیجے میں نیو کراچی، سرجانی، اورنگی، گارڈن، کورنگی، اسکیم 33، فیڈرل بی ایریا، گلشن اقبال، ملیر، شیر شاہ، بلدیہ ٹاؤن، مواچھ گوٹھ، لائنز ایریا، پاک کالونی، بنارس اور سائٹ ایریا سمیت متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔

بارش کے دوران بجلی کی تاریں ٹوٹنے اور پاور میٹرز (پی ایم ٹیز) کی خرابی بھی بجلی کی بندش کی بڑی وجوہات ہیں۔ نشیبی علاقوں میں حفاظتی اقدامات کے تحت بجلی بند رکھی گئی تاکہ کسی بھی حادثے سے بچا جا سکے۔

کے الیکٹرک کے حکام نے کہا کہ متاثرہ علاقوں میں فیڈرز کی مرمت کے لیے ٹیمیں کام کر رہی ہیں اور جلد بجلی کی فراہمی بحال کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

کے-الیکٹرک کے ترجمان نے کراچی اور گرد ونواح میں بارش کی پیش گوئی کے پیشِ نظر تمام فیلڈ اسٹاف کو الرٹ کر دیا ہے اور صورتحال کا مسلسل جائزہ لیا جا رہا ہے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ حفاظتی اقدامات کے تحت ضرورت پڑنے پر کچھ علاقوں میں بجلی کی فراہمی عارضی طور پر معطل کی گئی جسے بارش تھمنے اور فیلڈ ٹیموں سے کلیئرنس ملنے کے بعد بحال کر دیا جائے گا۔

ترجمان نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ تیز ہواؤں اور بارش کے دوران برقی آلات کے استعمال میں انتہائی احتیاط برتیں، کیونکہ پانی میں بجلی کی موٹر جیسے آلات کا غیر محفوظ استعمال حادثات کا سبب بن سکتا ہے۔

شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ ٹی وی اور انٹرنیٹ کیبلز سمیت بجلی کے ٹوٹے ہوئے تاروں اور ترسیلی تنصیبات سے محفوظ فاصلہ رکھیں، جبکہ غیر قانونی ذرائع سے بجلی کا حصول یا کنڈے ڈالنا جان لیوا ثابت ہو سکتا ہے۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں شہری 118 کال سینٹر پر رابطہ کر سکتے ہیں، اس کے علاوہ کے-الیکٹرک لائیو ایپ، واٹس ایپ سروس اور سوشل میڈیا ذرائع کے ذریعے بھی مدد حاصل کی جا سکتی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US