پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ، سیاسی جماعتیں مشتعل، جماعت اسلامی کا احتجاجی تحریک کا اعلان

image

جماعت اسلامی نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ مسترد کرتے ہوئے آج سے ملک بھر میں احتجاجی تحریک چلانے کا اعلان کر دیا۔امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ حکومت نے عوام پر پیٹرول بم گرا دیا، پیٹرولیم مصنوعات میں اضافہ ناقابل قبول ہے پیٹرول کی قیمت 458 روپے تک پہنچانا ظلم ہے پہلے 55 روپے، پھر 137 روپے اضافہ عوام پر ظلم کی انتہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ غریب اور مڈل کلاس کو زندہ درگور کیا جا رہا ہے غریب اور مڈل کلاس طبقہ شدید متاثر ہے، حکمران اپنی عیاشیاں کم کرنے کو تیار نہیں، مہنگے جہاز اور مہنگی گاڑیاں عوام پر بوجھ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اضافے سے براہ راست بائیکرز، ڈیلیوری ورکرز، طلبہ و مزدور سمیت سب متاثر ہوں گے صرف پیٹرول نہیں، ٹیکسز میں بھی اضافہ کیا گیا، لیوی ختم ہونی چاہیے تھی لیکن حکومت نے الٹا بوجھ ڈال دیا ہے۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ آئی ایم ایف کے سامنے جھکنے کے بجائے عوام کو ریلیف دیا جائے کیپیسٹی پیمنٹس کے نام پر عوام کی جیبوں پر ڈاکا ڈالا جا رہا ہے۔

امیر جماعت اسلامی کا مزید کہنا تھا کہ جماعت اسلامی پیٹرولیم قیمتوں میں اضافے کو مسترد کرتی ہے اور آج سے ملک بھر میں احتجاجی تحریک شروع کریں گے نوجوان باہر نکلیں، حالات بدلنے کیلیے جدوجہد کریں، حکمرانوں کو پیچھے ہٹنے پر مجبور کریں گے۔

دوسری جانب مسلم لیگ فنکشنل کے رہنما سردار عبدالرحیم نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرنے پر حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پیٹرول مہنگا کر کے عوام کی جیبوں پر ڈاکا ڈالا گیا ہے اور یہ اقدام عوام کے لیے ناقابلِ برداشت ہے۔

سردار عبدالرحیم نے مزید کہا کہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے سے مہنگائی کا ایک اور حملہ ہوا ہے، جس سے اشیائے ضروریہ مزید مہنگی ہو جائیں گی۔ انہوں نے اس صورتحال کو ظلم کی انتہا قرار دیتے ہوئے کہا کہ مہنگائی کے ستائے عوام پر مزید بوجھ ڈالا گیا ہے، جس سے عام آدمی کی زندگی انتہائی مشکل ہو گئی ہے اور حکومت مکمل طور پر ناکام دکھائی دیتی ہے۔

انھوں نے مطالبہ کیا کہ پیٹرولیم قیمتوں میں اضافہ فوری طور پر واپس لیا جائے کیونکہ عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو رہا ہے، اور بدانتظامی نے لوگوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مہنگائی کے خلاف آواز اٹھانا ہر شہری کا بنیادی حق ہے۔

مزید برآں پاکستان پیپلز پارٹی کے جنرل سیکریٹری حسن مرتضٰی نے کہا کہ آج حکومتی ترجمان بھاری دل کے ساتھ قیمتیں بڑھنے کی دلیلیں دیں گے۔

اپنے بیان میں حسن مرتضیٰ نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ حکومت نے پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کر کے عام آدمی کو پتھر کے دور میں دھکیل دیا ہے، تازہ فیصلے سے بیروز گاری، مہنگائی اور کرایوں میں اضافے کا طوفان آئے گا۔

حسن مرتضیٰ کا کہنا تھا کہ معاشی منصوبہ بندی پر حکومت کی نظر کمزور لگتی ہے، فیصلے سے کاشتکار طبقہ مزید مشکلات کا شکار اور عوامی بے چینی بڑھے گی، ابھی جنگ خطے میں ہے، ہمیں سامنا کرنا پڑا تو کیسے بچیں گے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US