سندھ میں موٹر سائیکل سواروں کو ماہانہ 2 ہزار روپے سبسڈی، موبائل ایپ تیار

image

توانائی بحران اور پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے بعد سندھ حکومت نے موٹر سائیکل سواروں کے لیے بڑا ریلیف پیکج متعارف کرا دیا ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے اعلان کیا ہے کہ صوبے میں ہر موٹر سائیکل مالک کو ماہانہ 2 ہزار روپے سبسڈی دی جائے گی۔

کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا کہ پیٹرول پمپ پر کم قیمت پر ایندھن فراہم کرنا ممکن نہیں اس لیے حکومت براہِ راست مالی امداد دے گی۔ اس مقصد کے لیے ایک موبائل ایپلیکیشن تیار کی گئی ہے جو آئندہ چند روز میں فعال ہو جائے گی جبکہ موٹر سائیکل کی رجسٹریشن شناختی کارڈ کے ذریعے کی جائے گی۔

وزیراعلیٰ نے مزید بتایا کہ آج سے موٹر سائیکل کی ٹرانسفر مفت کر دی گئی ہے اور شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ اپنی گاڑیاں اپنے نام پر رجسٹر کروائیں۔ حکومت کی جانب سے 100 روپے فی لیٹر کے حساب سے سبسڈی دی جائے گی اور 15 دن کے اندر اہل صارفین کو 2 ہزار روپے منتقل کر دیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ صرف رجسٹرڈ موٹر سائیکل مالکان اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں گے اور شہری ایکسائز ڈیپارٹمنٹ کی ویب سائٹ پر جا کر اپنی گاڑی کی تفصیلات چیک کر سکتے ہیں۔وزیراعلیٰ نے بتایا کہ سندھ میں تقریباً 67 لاکھ موٹر سائیکلیں رجسٹرڈ ہیں اور حکومت کی کوشش ہے کہ زیادہ سے زیادہ شہریوں کو اس سہولت سے فائدہ پہنچایا جائے۔

زرعی شعبے کے حوالے سے وزیراعلیٰ نے اعلان کیا کہ چھوٹے کاشتکاروں کو 1500 روپے فی ایکڑ سبسڈی دی جائے گی جبکہ گندم کی قیمت 3500 روپے فی من مقرر کی گئی ہے۔

سید مراد علی شاہ کے مطابق پبلک اور گڈز ٹرانسپورٹ کے لیے بھی سبسڈی دی جائے گی جس کے تحت مختلف شعبوں کو 70 ہزار سے ایک لاکھ روپے ماہانہ تک امداد فراہم کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ یہ ایک ٹارگٹڈ سبسڈی پروگرام ہے جس کا مقصد صرف متاثرہ طبقے کو ریلیف دینا ہے، اور اس پر ابتدائی طور پر ایک ماہ تک عمل کر کے نتائج کا جائزہ لیا جائے گا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US