وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے آرٹس کونسل میں ذوالفقار علی بھٹو کی برسی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہید بھٹو ایک عالمی وژن رکھنے والے لیڈر تھے جن کے اصولوں پر دنیا آج بھی عمل پیرا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھٹو صاحب نے ملک کی آزاد خارجہ پالیسی کی بنیاد رکھی اور چین کی اسٹریٹجک اہمیت کو اس وقت پہچانا جب کوئی اسے پوچھتا نہیں تھا۔ آج پاکستان کا ناقابل تسخیر دفاع، ایٹمی پروگرام اور چین کے ساتھ مضبوط دوستی شہید بھٹو کے ہی مرہون منت ہے۔
مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ ذوالفقار علی بھٹو نے اسلامی دنیا کو متحد کیا اور وہ فلسطین و کشمیر کے حق میں دنیا کی سب سے مضبوط آواز تھے۔ اگر وہ آج زندہ ہوتے تو امت مسلمہ کو درپیش موجودہ مسائل پیدا نہ ہوتے۔
وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ بھٹو صاحب نے غریب کسانوں اور عام آدمی کو عزت دے کر سیاست کا رخ موڑا، انہوں نے سرداری نظام کے مقابلے میں عوامی شعور کو بیدار کیا اور آج اگر وہ خود کو عوامی وزیراعلیٰ کہتے ہیں تو یہ بھی بھٹو صاحب کی ہی تعلیمات کا اثر ہے۔