وزیراعظم شہباز شریف نے عوام کو ریلیف دینے کے لیے پیٹرول کی قیمت میں عارضی کمی کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت آئندہ ایک ماہ کے لیے فی لیٹر قیمت میں 80 روپے کی کمی کی جائے گی۔
قوم سے اپنے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ عالمی سطح پر تیل کی قیمتیں مسلسل بڑھ رہی ہیں، جس کے اثرات پورے خطے میں محسوس کیے جا رہے ہیں اور اس صورتحال نے عام آدمی کے لیے نئے مسائل پیدا کر دیے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ محدود قومی وسائل کے باوجود حکومت عوامی مشکلات کو کم کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
انہوں نے اس بات کا اعتراف بھی کیا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ ہو چکا ہے، جس کا دباؤ پاکستان جیسے ممالک پر زیادہ پڑتا ہے۔ وزیراعظم کے مطابق انہیں بخوبی علم ہے کہ مہنگائی کے اس دور میں عام شہری کس طرح گزر بسر کر رہا ہے۔
اپنے خطاب میں انہوں نے مزید کہا کہ مہنگائی کا طوفان صرف پاکستان تک محدود نہیں بلکہ اس نے دنیا کی بڑی اور مضبوط معیشتوں کو بھی متاثر کیا ہے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ موجودہ معاشی چیلنجز عالمی نوعیت کے ہیں۔