مارکیٹس جلد بند کرنے کی تجویز، ریسٹورنٹس کے اوقات کار میں بھی تبدیلی کا امکان

image

وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ ملکی قیادت مارکیٹس جلد بند کرنے کی تجویز پر غور کر رہی ہے اور اگر یہ فیصلہ نافذ کیا گیا تو شادی ہالز اور ریسٹورنٹس کو رات 10 بجے تک کھلے رکھنے کی اجازت دی جائے گی۔

نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ وزیر خزانہ آئندہ ہفتے عالمی مالیاتی اداروں، آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک، سے اہم ملاقاتوں کے لیے بیرونِ ملک روانہ ہوں گے۔ ان ملاقاتوں میں پاکستان کو درپیش ممکنہ بڑے معاشی چیلنجز سے آگاہ کیا جائے گا۔

علی پرویز ملک کا کہنا تھا کہ موجودہ صورتحال کے پیشِ نظر ملک کے معاشی فریم ورک کا ازسرِ نو جائزہ لینا ناگزیر ہو گیا ہے تاکہ ممکنہ دباؤ کا مؤثر انداز میں مقابلہ کیا جا سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ متحدہ عرب امارات نے مشکل وقت میں پاکستان کے لیے 3.5 ارب ڈالر کے ڈپازٹس رکھوائے تھے تاہم اگر یو اے ای اپنی رقم واپس لینے کا فیصلہ کرتا ہے تو حکومت نے اس حوالے سے پیشگی انتظامات کر رکھے ہیں۔

وفاقی وزیر کے مطابق قطر سے گیس سپلائی بند ہونے کے بعد فوری طور پر مقامی گیس فیلڈز سے 400 سے 500 ایم ایم سی ایف ڈی گیس کی فراہمی شروع کر دی گئی ہے تاکہ توانائی کی ضروریات کو پورا کیا جا سکے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US