پاکستان پیپلز پارٹی کے بانی چیئرمین اور سابق وزیر اعظم ذوالفقار علی بھٹو کی 47ویں برسی آج عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جا رہی ہے اس موقع پر ملک بھر میں مختلف تقریبات کا اہتمام کیا گیا ہے۔
ذوالفقار علی بھٹو کو 4 اپریل 1979 کو راولپنڈی میں ایک قتل کیس میں پھانسی دی گئی تھی۔ تاہم سپریم کورٹ آف پاکستان نے مارچ 2024 میں اپنے ایک اہم فیصلے میں قرار دیا تھا کہ ان کا ٹرائل منصفانہ نہیں تھا۔
بھٹو 5 جنوری 1928 کو لاڑکانہ میں پیدا ہوئے انہوں نے اعلیٰ تعلیم امریکا اور آکسفورڈ سے حاصل کی۔ 1967 میں انہوں نے پاکستان پیپلز پارٹی کی بنیاد رکھی جو بعد ازاں ملک کی ایک بڑی سیاسی جماعت بن گئی۔
وہ 1971 سے 1973 تک صدر مملکت اور بعد ازاں 1977 تک وزیر اعظم رہے۔ اپنے دورِ حکومت میں انہوں نے 1973 کا آئین متعارف کروایا، ایٹمی پروگرام کی بنیاد رکھی اور عالمی سطح پر پاکستان کا مؤقف مؤثر انداز میں پیش کیا۔
جنرل ضیاء الحق کے مارشل لا کے بعد انہیں اقتدار سے ہٹا کر مقدمہ چلایا گیا اور بالآخر پھانسی دے دی گئی تاہم ان کے نظریات آج بھی سیاسی منظرنامے میں اثر انداز ہیں۔
صدر آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ بھٹو نے مشکل حالات میں ملک کی قیادت کی اور 1973 کا آئین ان کی نمایاں کامیابیوں میں شامل ہے۔