پی سی بی کے بورڈ آف گورنرز کا اجلاس، سالانہ آڈٹ اور مالیاتی گوشواروں کی منظوری

image

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے لاہور میں بورڈ آف گورنرز کے 82 ویں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سرمایہ کاری کے لیے ایک بہترین مارکیٹ بن چکی ہے اور وہ وقت دور نہیں جب یہ دنیا کی نمبر ون کرکٹ لیگ ہوگی۔

اجلاس کے دوران مالی سال 2024-25 کے سالانہ آڈٹ اور مالیاتی گوشواروں کی باضابطہ منظوری دی گئی۔ اس کے علاوہ آئی سی سی گلوبل اینٹی کرپشن کوڈ کی روشنی میں پی سی بی کے پروسیجرل رولز کی بھی منظوری دی گئی۔

بورڈ نے سعودی عرب کرکٹ فیڈریشن کے ساتھ تعاون بڑھانے اور جدہ میں کرکٹ اسٹیڈیم کی تعمیر و ترقی کے حوالے سے اظہارِ دلچسپی (EOI) کی بھی توثیق کی۔

انتظامی امور کے حوالے سے لاہور کے زونز کی جغرافیائی حدود کی دوبارہ حد بندی اور ان کے ناموں پر نظرثانی کی منظوری دی گئی۔ بورڈ آف گورنرز نے ڈومیسٹک کرکٹ کے فروغ کے لیے ڈائریکٹر عبداللہ خرم نیازی کی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں خراجِ تحسین پیش کیا، جبکہ پی ایس ایل 11 کی ٹیموں کی ریکارڈ قیمت پر نیلامی پر بھی اطمینان اور اظہارِ تشکر کیا۔

اجلاس میں انوار احمد غنی، طارق سرور، عدنان ملک، سجاد کھوکھر، ظفر اللہ اور اسماعیل قریشی نے بذاتِ خود شرکت کی، جبکہ ظہیر عباس اور سیکریٹری کیبنٹ آن لائن شریک ہوئے۔

اس موقع پر سی ای او پی ایس ایل، سی او او پی سی بی، سی ایف او اور مختلف شعبوں کے ڈائریکٹرز سمیت دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US