کراچی کے مختلف علاقوں میں ایل پی جی کی قیمتوں میں من مانا اضافہ کردیا گیا ہے، جس کے باعث شہر میں گیس کے الگ الگ دام مقرر ہیں۔
سرکاری سطح پر ایل پی جی کی قیمت تقریباً 305 روپے فی کلو مقرر ہے، تاہم شہر کے بیشتر حصوں میں اسے 460 روپے سے لے کر 480 روپے فی کلو تک کے نرخوں پر بلیک میں فروخت کیا جا رہا ہے۔
اس صورتحال پر رکشہ ڈرائیوروں اور عام شہریوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ مہنگائی کے اس دور میں اتنی مہنگی گیس خرید کر گزارا کرنا ناممکن ہوچکا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ غیر قانونی منافع خوری عروج پر ہے اور گراں فروشوں کو روکنے والا کوئی نہیں ہے۔
عوامی حلقوں نے متعلقہ اداروں اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس کھلی من مانی کا فوری نوٹس لیں اور سرکاری نرخ نامے پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے بلیک مارکیٹنگ میں ملوث عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی کریں۔