پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے احتجاج کی کال کے بعد کراچی میں امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔
انتظامیہ کی جانب سے کراچی پرس کلب جانے والے تمام راستوں پر کنٹینرز لگا کر انہیں مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے، جس کی وجہ سے صدر اور گرد و نواح کے علاقوں میں ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہو رہی ہے۔
کراچی پریس کلب اور اس کے اطراف کے علاقوں میں پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے، جس میں اینٹی رائٹ فورس اور خواتین پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق یہ اقدامات کسی بھی ممکنہ ہنگامہ آرائی کو روکنے اور ریڈ زون کی سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے کیے گئے ہیں۔ پریس کلب کی جانب جانے والے شہریوں اور صحافیوں کو بھی متبادل راستے اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ مشتبہ افراد پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ شہر میں دفعہ 144 نافذ ہے اور کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے یا سڑکیں بلاک کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔