پاکستان نے بیرونی ادائیگیوں کے لیے درکار فنڈز کا بندوبست مکمل کر لیا ہے اور متحدہ عرب امارات کو 2 ارب ڈالر ادا کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کو جون تک مجموعی طور پر 4.8 ارب ڈالر کی بیرونی ادائیگیاں کرنا ہیں تاہم ان تمام ادائیگیوں کے لیے مالی وسائل کا انتظام کر لیا گیا ہے جس سے قلیل مدت میں مالی دباؤ کم ہونے کی توقع ہے۔
حکومتی حکام کے مطابق پاکستان کو دو دوست ممالک کی جانب سے 5 ارب ڈالر سے زائد مالی معاونت کی یقین دہانی بھی حاصل ہوئی ہے جس سے زرمبادلہ کے ذخائر میں بہتری آنے کا امکان ہے۔
مزید بتایا گیا ہے کہ پاکستان کو مجموعی طور پر یو اے ای کو 3.5 ارب ڈالر کی ادائیگی مختلف مالیاتی ذرائع کے تحت کرنا ہے جبکہ 1.3 ارب ڈالر مالیت کا یورو بانڈ بھی اپنی 10 سالہ مدت پوری کرنے کے بعد میچور ہو چکا ہے جس کی ادائیگی اسی ہفتے متوقع ہے۔