ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی نے ایران اور امریکا کے درمیان ممکنہ جنگ بندی سے متعلق پاکستان کے مجوزہ فریم ورک کی خبروں پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس حوالے سے مختلف رپورٹس زیر گردش ہیں اور امن کا عمل جاری ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ 45 روزہ جنگ بندی اور 15 نکاتی تبادلے سے متعلق خبریں سامنے آئی ہیں تاہم پاکستان خطے میں امن اور استحکام کا خواہاں ہے اور اسی مقصد کے لیے مثبت کردار ادا کر رہا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کسی مخصوص تجویز یا انفرادی معاملے کی تصدیق یا تردید نہیں کرتا اور اس حوالے سے محتاط پالیسی پر عمل پیرا ہے۔
یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکا کی جانب سے ایران پر دباؤ بڑھانے کے اشارے دیے جا رہے ہیں جبکہ عالمی میڈیا میں پاکستان کی ممکنہ ثالثی کے حوالے سے مختلف خبریں گردش کر رہی ہیں۔