حکومتِ سندھ نے ٹرانسپورٹ کرایوں میں استحکام کیلیے ٹارگٹڈ پبلک ٹرانسپورٹ سبسڈی پروگرام کا اعلان کردیا۔
سندھ کے سینئر وزیر شرجیل میمن نے بتایا کہ ٹارگٹڈ پبلک ٹرانسپورٹ سبسڈی پروگرام کو حتمی شکل دے دی گئی ہے، مقصد شہریوں کو مالی ریلیف فراہم کرنا اور پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں کو مستحکم رکھنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیٹرول اور ڈیزل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے باعث ٹرانسپورٹ سیکٹر شدید دباؤ کا شکار تھا۔
شرجیل انعام میمن کے مطابق اس اسکیم کے تحت ٹرانسپورٹرز کو ماہانہ مالی معاونت فراہم کی جائے گی اور ٹرانسپورٹرز کیلیے لازم ہوگا کہ وہ کرایوں میں اضافہ نہ کریں۔
انہوں نے کہا کہ انٹرا سٹی ٹرانسپورٹ کیلیے بسیں، منی بسیں اور کوچز ماہانہ 2 لاکھ 40 ہزار روپے تک سبسڈی حاصل کریں گی، ویگنز کو 2 لاکھ 30 ہزار روپے، سوزوکی پک اپ کو 60 ہزار روپے تک سبسڈی دی جائے گی۔
صوبائی وزیر کا کہنا ہے کہ انٹر سٹی بسوں کو روٹ کے حساب سے ماہانہ 12 لاکھ روپے تک سبسڈی ملے گی۔ شرجیل میمن نے مزید بتایا کہ سبسڈی پر مجموعی طور پر ماہانہ تقریباً 2 ارب 20 کروڑ روپے خرچ ہوں گے۔