ٹرمپ کی ایران کو حتمی ڈیڈ لائن، ڈیل نہ ہونے پر پاور پلانٹس تباہ کرنے کی دھمکی

image

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو آبنائے ہرمز کھولنے اور معاہدے پر آمادہ ہونے کے لیے آج رات تک کی حتمی ڈیڈ لائن دے دی ہے اور کہا ہے کہ مطالبات نہ ماننے کی صورت میں سخت کارروائی کی جائے گی۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ ایران کے لیے آج کی ڈیڈ لائن آخری ہے اور اگر ڈیل نہ ہوئی تو ایران کے پاور پلانٹس اور بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنایا جائے گا۔ انہوں نے دھمکی دی کہ مقررہ وقت تک پیش رفت نہ ہونے کی صورت میں بارہ بجے سے پہلے ایران کے ہر پاور پلانٹ کو تباہ کر دیا جائے گا۔

امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ایران کے اندر ایسے عناصر موجود ہیں جو مذاکرات کے حق میں ہیں اور نئی قیادت کے ساتھ بات چیت جاری ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ جنگ بندی کے لیے فعال اور سنجیدہ شرکا موجود ہیں جبکہ چند اہم ممالک ثالثی کا کردار ادا کر رہے ہیں۔

ٹرمپ نے مزید کہا کہ ماضی میں بھی امریکا ایران کے ساتھ معاہدے کے قریب تھا تاہم مذاکرات ناکام ہو گئے تھے۔ ان کے مطابق اس وقت بھی سخت فیصلے کیے گئے اور اگر اس بار معاہدہ نہ ہوا تو مزید سخت اقدامات سے گریز نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ اگر امریکا ایران کے انفراسٹرکچر کو نشانہ بناتا ہے تو اسے بحال کرنے میں دہائیاں لگ سکتی ہیں جبکہ بعض صورتوں میں سو سال تک کا عرصہ درکار ہو سکتا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US