پیٹرول ماہانہ کوٹے کی بنیاد پر فراہم کیے جانے کا امکان

image

اسلام آباد: ملک میں توانائی بحران کے پیشِ نظر وفاقی حکومت نے شہریوں کی ذاتی گاڑیوں کے لیے پیٹرول کی فراہمی کو باقاعدہ ضابطے میں لانے کا فیصلہ کر لیا ہے، جس کے تحت آئندہ پیٹرول ماہانہ کوٹے کی بنیاد پر فراہم کیے جانے کا امکان ہے۔

حکومتی ذرائع کے مطابق عالمی سطح پر کشیدگی، خصوصاً آبنائے ہرمز کی ممکنہ بندش اور ایران سے متعلق جغرافیائی صورتحال کے باعث تیل کی سپلائی متاثر ہوئی ہے، جس کے اثرات پاکستان سمیت کئی ممالک پر پڑ رہے ہیں۔ اسی تناظر میں حکومت توانائی کے استعمال کو منظم کرنے کے لیے مختلف اقدامات پر غور کر رہی ہے۔

نئے مجوزہ نظام کے تحت ہر شہری کو اپنی گاڑی کے لیے ماہانہ بنیاد پر مخصوص مقدار میں پیٹرول فراہم کیا جائے گا۔ اس حد سے زائد پیٹرول حاصل کرنے کی اجازت نہیں ہوگی، جس کا مقصد ایندھن کے غیر ضروری استعمال کو روکنا اور دستیاب وسائل کو مساوی طور پر تقسیم کرنا ہے۔

حکومت نے اس منصوبے پر عملدرآمد کے لیے جدید ڈیجیٹل فیول مینجمنٹ سسٹم متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس نظام کے تحت ہر پیٹرول پمپ پر ڈیجیٹل مانیٹرنگ کی سہولت فراہم کی جائے گی، صارفین کے پیٹرول کے استعمال کا ریکارڈ محفوظ کیا جائے گا، مقررہ کوٹہ مکمل ہونے پر مزید پیٹرول کی فراہمی روک دی جائے گی۔

اس منصوبے کے تحت پیٹرول پمپس کو جدید موبائل ہینڈ سیٹس فراہم کیے جائیں گے، جن کے ذریعے ڈیٹا انٹری اور مانیٹرنگ کی جائے گی۔ یہ ڈیوائسز سرکاری ادارہ نیشنل آئی ٹی بورڈ کی نگرانی میں فراہم کی جائیں گی۔

مزید برآں، پاکستان ڈیجیٹل اتھارٹی کی تیار کردہ موبائل ایپ کے ذریعے پورے نظام کی نگرانی کی جائے گی، جس سے شفافیت اور کنٹرول کو یقینی بنایا جائے گا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US