نادرا نے پاکستانی ویزا سسٹم میں اہم تبدیلی متعارف کرائی ہے تاکہ آن لائن فراڈ اور شہریوں کی ذاتی معلومات کے غیر قانونی استعمال کو روکا جا سکے۔
حکام کے مطابق نئے نظام میں اب ویزا درخواست گزاروں کو اپنی ذاتی معلومات دستی طور پر درج کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی بلکہ درخواست گزار اپنے پاسپورٹ کی کاپی اپ لوڈ کریں گے اور سسٹم خودکار طور پر تمام ضروری معلومات جیسے پاسپورٹ نمبر اور مدتِ معیاد حاصل کر لے گا۔
نظام میں جدید بایومیٹرک تصدیقی نظام بھی شامل کیا گیا ہے جس کے ذریعے درخواست گزار کی چہرے کی شناخت کے ذریعے تصدیق کی جائے گی۔
نادرا حکام نے بتایا کہ یہ اقدام ان جعلی ویب سائٹس کے خلاف ہے جو پاکستانی ویزا کے نام پر شہریوں کی ذاتی معلومات حاصل کر کے دھوکہ دہی میں استعمال کرتی ہیں۔
یہ نیا سسٹم 193 ممالک کے ویزا درخواست گزاروں کے لیے متعارف کرایا گیا ہے جس سے ویزا درخواست کا عمل محفوظ، تیز اور آسان ہو جائے گا۔