ایشیائی ترقیاتی بینک کی کنٹری ڈائریکٹر ایما ژاؤ چن فان نے وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری سے ملاقات کی جس میں پاکستان کے پاور سیکٹر میں جاری اصلاحات اور مستقبل میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر توانائی نے کہا کہ عالمی توانائی چیلنجز کے باوجود پاکستان کا پاور سیکٹر مستحکم ہے اور مقامی ذرائع جیسے کوئلہ، پن بجلی اور شمسی توانائی کے بڑھتے استعمال سے توانائی کی دستیابی میں استحکام آیا ہے۔ حکومت کی کوشش ہے کہ بجلی کی پیداوار کو مقامی ذرائع سے بڑھا کر صارفین پر قیمتوں کے دباؤ کو کم کیا جائے۔
ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کے پاور سیکٹر میں ڈیجیٹائزیشن، جدید میٹرنگ سسٹمز اور ادارہ جاتی اصلاحات میں تکنیکی معاونت جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا۔ ایما ژاؤ چن فان نے بتایا کہ روف ٹاپ سولر اور بیٹری انرجی اسٹوریج کے اثرات کے مطالعات جاری ہیں اور کوریا میں ماہرین کے لیے خصوصی تربیتی پروگرامز منعقد کیے جائیں گے۔
وزیر توانائی نے مزید کہا کہ شفافیت اور میرٹ پر مبنی تربیت یافتہ افرادی قوت ادارہ جاتی اصلاحات میں کلیدی کردار ادا کرے گی جبکہ نیشنل گرڈ کمپنی کی تنظیم نو اور ٹرانسمیشن نظام کو مضبوط بنانے کے لیے حکومتی اقدامات جاری ہیں۔ پاکستان بزنس کونسل کو بھی ٹرانسمیشن سیکٹر میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے فعال بنایا جا رہا ہے۔
ملاقات کے آخر میں پاکستان اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے درمیان پاور سیکٹر میں جدید اور پائیدار اصلاحات پر اتفاق کیا گیا اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے نائب صدر کے رواں ماہ پاکستان دورے کا امکان بھی ظاہر کیا گیا۔