ایران، امریکا اور اتحادیوں کے درمیان فوری جنگ بندی پر اتفاق، پاکستان کا خیرمقدم

image

اسلامی جمہوریہ ایران، ریاستہائے متحدہ امریکا اور ان کے اتحادیوں کے درمیان فوری جنگ بندی پر اتفاق ہوگیا ہے، جس کا اطلاق فوری طور پر لبنان سمیت ہر جگہ ہوگا۔

پاکستان نے اس اہم پیش رفت کا گرمجوشی سے خیرمقدم کرتے ہوئے اسے خطے اور دنیا میں امن و استحکام کی جانب ایک مثبت اور دانشمندانہ قدم قرار دیا ہے۔

جاری اعلامیے کے مطابق پاکستان نے ایران اور امریکا کی قیادت کے دانشمندانہ اور مفاہمانہ رویے کو سراہتے ہوئے دونوں ممالک کی قیادت کا شکریہ ادا کیا ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ دونوں فریقین نے غیر معمولی بصیرت، تحمل اور سنجیدگی کا مظاہرہ کیا اور امن کے قیام کے لیے تعمیری انداز میں رابطے برقرار رکھے۔

پاکستان نے دونوں ممالک کے وفود کو جمعہ، 10 اپریل 2026ء کو اسلام آباد آنے کی دعوت دی ہے، جہاں تمام تنازعات کے حتمی اور دیرپا حل کے لیے مزید مذاکرات کیے جائیں گے۔

پاکستانی حکام نے امید ظاہر کی ہے کہ ”مجوزہ اسلام آباد مذاکرات“ خطے میں پائیدار امن کے قیام میں اہم کردار ادا کریں گے اور آنے والے دنوں میں مزید مثبت خبریں سامنے آئیں گی۔

تجزیہ کاروں کے مطابق اگر یہ مذاکرات کامیاب ہوتے ہیں تو یہ نہ صرف مشرقِ وسطیٰ بلکہ پوری دنیا کے لیے ایک اہم سفارتی بریک تھرو ثابت ہو سکتا ہے۔ پاکستان کی جانب سے مذاکرات کی میزبانی کو عالمی سطح پر امن کے فروغ کی سنجیدہ کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US