وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس جاری ہے جس میں مشرق وسطیٰ کی تازہ صورتحال اور ایران و امریکا کے درمیان جنگ بندی پر تفصیلی غور کیا جائے گا۔
رپورٹ کے مطابق کابینہ اجلاس س میں وزیراعظم کابینہ ارکان کو خطے کی موجودہ صورتحال پر اعتماد میں لیں گے۔وزیراعظم شہباز شریف اجلاس کے دوران ایران اور امریکا کے درمیان ہونے والی سیز فائر پیش رفت پر بھی بریفنگ دیں گے اور اس کے ممکنہ علاقائی و عالمی اثرات سے آگاہ کریں گے۔
اس سے قبل اپنے ایک بیان میں وزیراعظم نے اعلان کیا تھا کہ ایران اور امریکا نے اپنے اتحادیوں کے ساتھ مل کر لبنان سمیت مختلف خطوں میں فوری جنگ بندی پر اتفاق کر لیا ہے جو فوری طور پر نافذ العمل ہو چکی ہے۔
وزیراعظم نے اس پیش رفت کو خطے میں امن کے قیام کے لیے ایک بڑی کامیابی قرار دیتے ہوئے دونوں ممالک کی قیادت کا شکریہ ادا کیا اور اسے دانشمندی اور دور اندیشی کا مظہر قرار دیا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ایران اور امریکا کے وفود کو جمعہ 10 اپریل 2026 کو اسلام آباد مدعو کیا گیا ہے تاکہ تمام تنازعات کے حل کے لیے مزید مذاکرات کیے جا سکیں۔