کراچی میں گورنر سندھ نہال ہاشمی نے تاجر رہنماؤں اور ٹرانسپورٹرز کے ہمراہ ایک پریس کانفرنس کی ہے، جس میں صدر پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس ملک شہزاد اعوان، تاجر رہنما رضوان عرفان اور دیگر ایسوسی ایشنز کے عہدیداران بھی موجود تھے۔
اس موقع پر تاجر رہنما رضوان عرفان نے اعلان کیا کہ دنیا بھر کی نظریں اس وقت پاکستان پر ہیں، لہٰذا ہم کراچی کی روشنیوں کو برقرار رکھنے کے لیے اپنی ہڑتال موخر کرنے اور 72 گھنٹے کا الٹی میٹم واپس لینے کا اعلان کرتے ہیں۔
گورنر سندھ نہال ہاشمی نے تاجروں کے اس فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ آج سے تاجروں کے وکیل ہیں اور انہیں خوشی ہے کہ ملک کے وسیع تر مفاد میں ہڑتال واپس لی گئی۔
انہوں نے پورے پاکستان اور دنیا بھر کے امن پسند ممالک کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ دنیا تیسری عالمی جنگ کے دہانے پر کھڑی تھی، لیکن وزیراعظم پاکستان، فیلڈ مارشل عاصم منیر اور وزیر خارجہ نے جنگ بندی کے حوالے سے جو کلیدی کردار ادا کیا وہ قابل ستائش ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے اپنی بہترین خارجہ پالیسی سے خطے کو جنگی ماحول سے بچا لیا ہے، تاہم ہمارے پڑوس میں موجود ایک ملک کے وزیراعظم کو شاید اس امن سے خوشی نہیں ہوئی۔
صدر گڈز ٹرانسپورٹ ملک شہزاد اعوان کا کہنا تھا کہ وہ الٹی میٹم دینے کے لیے پریس کانفرنس کا ارادہ رکھتے تھے لیکن گورنر سندھ نے انہیں مدعو کیا اور ان کے مطالبات کو سنجیدگی سے سنا۔
انہوں نے بتایا کہ ہم نے پیٹرول کی قیمتوں میں کمی، ٹول ٹیکس اور چلان معاف کرنے کی درخواست کی ہے اور گورنر کی یقین دہانی پر احتجاج موخر کر رہے ہیں۔
گورنر سندھ نے گفتگو کا اختتام کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے سپہ سالار کی محنت سے نہ صرف خطہ جنگ سے بچ گیا بلکہ عالمی سطح پر بڑھتی ہوئی غربت کو روکنے میں بھی مدد ملے گی، اب تاجر اور ٹرانسپورٹ برادری مطمئن ہے اور ہڑتال نہیں ہوگی۔