پاکستان مسلم لیگ فنکشنل سندھ کے سیکریٹری جنرل سردار عبدالرحیم نے فنکشنل ہاؤس کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیر صاحب پاگارا کا نعرہ "متحد سندھ، مضبوط پاکستان" ملک کی ترقی کی بنیاد ہے، یہی وجہ ہے کہ مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنما اور کارکنان بڑی تعداد میں فنکشنل لیگ میں شامل ہو رہے ہیں۔
انہوں نے کراچی کی ابتر صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فارم 47 والے حکمرانوں نے شہر کو تباہ کر دیا ہے جہاں عوام پینے کے صاف پانی سمیت تمام بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔
سردار عبدالرحیم نے ایران امریکا جنگ بندی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاک فوج کی بہترین حکمت عملی نے خطے کو بڑی تباہی سے بچا لیا ہے۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ موجودہ کرپٹ نظام نے پولیس اور دیگر اداروں کو کھوکھلا کر دیا ہے، جس کے باعث امن و امان کی صورتحال بدتر ہو چکی ہے۔
اس موقع پر پیپلز پارٹی، ایم کیو ایم، سنی تحریک اور دیگر جماعتوں کے درجنوں کارکنان نے فنکشنل لیگ میں شمولیت کا اعلان کیا۔
سردار عبدالرحیم نے مزید کہا کہ جی ڈی اے متحد ہے اور پیر صاحب پاگارا جلد کراچی میں تاریخی جلسے سے خطاب کر کے شہر کی سیاست کا رخ بدل دیں گے۔