سانحہ گل پلازہ: عدالتی کمیشن کی رپورٹ پر وزیراعلیٰ سندھ کی زیر صدارت اجلاس

image

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے گُل پلازہ سانحہ سے متعلق جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ کا جائزہ لینے کے لیے ایک اہم اجلاس کی صدارت کی۔

اجلاس میں سانحے کی وجوہات، ذمہ داران کے تعین، متاثرین کو انصاف کی فراہمی اور مستقبل میں ایسے افسوسناک واقعات کی روک تھام کے لیے اقدامات پر غور کیا گیا۔

وزیراعلیٰ سندھ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ جوڈیشل کمیشن کی سفارشات کی روشنی میں فوری اور مؤثر کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ ذمہ دار عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جاسکے۔

اجلاس میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ شہری علاقوں میں عمارتوں کی تعمیر، حفاظتی انتظامات اور متعلقہ قوانین پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے، تاکہ عوام کی جان و مال کا تحفظ ممکن بنایا جاسکے۔

وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ گُل پلازہ سانحہ ایک افسوسناک واقعہ تھا، جس کے متاثرین کو انصاف دلانا اور آئندہ ایسے حادثات کی روک تھام حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

اجلاس میں صوبائی وزراء شرجیل میمن، ناصر حسین شاہ، ضیاء الحسن لنجار، چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب اور دیگر اعلیٰ حکام شریک ہوئے۔

اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ نے جوڈیشل کمیشن کی تحقیقات اور محنت کو سراہا اور عمارتوں کی حفاظت کے لیے وسیع اصلاحات کی ہدایت دی۔

رپورٹ کے مطابق گل پلازہ میں فائر فائٹنگ اور الارم سسٹم موجود نہیں تھا اور عمارت میں محفوظ انخلا کے انتظامات ناکافی تھے۔ عمارت کے باہر رش اور جاری تعمیراتی کاموں نے امدادی کارروائیوں کو بھی متاثر کیا۔

وزیراعلیٰ سندھ نے ہدایت دی کہ کمرشل عمارتوں کے لیے فائر سیفٹی آڈٹ لازمی قرار دیا جائے اور عمارتوں میں قائم تجاوزات ختم کر کے ایمرجنسی رسائی بہتر بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کی جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ذمہ داری ہے اور حفاظتی قوانین پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔ مزید ضرورت پڑنے پر قانون سازی کے لیے ڈرافٹ بھی تیار کیا جائے۔

مزید برآں، وزیراعلیٰ سندھ نے تین وزراء ناصر شاہ، ضیاء الحسن لنجار اور جام اکرام اللہ دھاریجو پر مشتمل کمیٹی قائم کی، جو جلد از جلد رپورٹ کا جائزہ لے کر اپنی سفارشات پیش کرے گی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US