وزیراعظم شہباز شریف اور سعودی وزیر خزانہ کے درمیان اہم ملاقات میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا ہے۔
وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والی اس ملاقات میں سعودی وزیر خزانہ ایک روزہ دورے پر وفد کے ہمراہ شریک ہوئے۔ اعلامیے کے مطابق دونوں رہنماؤں نے شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور محمد بن سلمان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے حالیہ ٹیلیفونک گفتگو کا حوالہ دیتے ہوئے ولی عہد محمد بن سلمان کی پاکستان سے خصوصی محبت کو سراہا اور دونوں ممالک کے برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
اعلامیے کے مطابق سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کو فراہم کی جانے والی معاشی و مالی معاونت کو سراہا گیا جسے ملکی معاشی استحکام میں اہم قرار دیا گیا۔
ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا جبکہ ولی عہد کے وژن کے مطابق اقتصادی روابط بڑھانے پر بھی زور دیا گیا۔اس موقع پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل عاصم منیر بھی موجود تھے۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ پاکستان نے سعودی عرب کے ساتھ ہر سطح پر تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا جبکہ سعودی وفد نے بھی پاکستان کے ساتھ اقتصادی روابط بڑھانے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔
ملاقات میں خطے میں امن و استحکام کے لیے مشترکہ کوششوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ دونوں ممالک نے پاک سعودی دوستی کو وقت کے ساتھ مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔