مشرقِ وسطیٰ میں کشیدہ صورتحال کے پیش نظر پاکستان کا ثالثی کردار بدستور جاری ہے جبکہ ایران اور امریکا کے درمیان حالیہ کشیدگی اور جنگ بندی کے بعد خطے میں سفارتی سرگرمیوں میں تیزی آ گئی ہے۔
سفارتی ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کے دورۂ سعودی عرب کا امکان ہے جس کی دعوت محمد بن سلمان کی جانب سے دی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس متوقع ملاقات میں ایران اور امریکا کے درمیان جاری مذاکرات کے آئندہ لائحہ عمل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ خطے میں کشیدگی میں کمی، دیرپا جنگ بندی اور امن کی بحالی کے امکانات بھی زیر غور آئیں گے۔
پاکستان کی جانب سے خطے میں تناؤ کم کرنے اور فریقین کے درمیان مذاکرات کے فروغ کے لیے سفارتی کوششیں مزید تیز کر دی گئی ہیں تاکہ خطے میں پائیدار امن کی راہ ہموار کی جا سکے۔