پاکستان پیپلز پارٹی کی معروف رہنما شرمیلا فاروقی نے کراچی کے طرزِ زندگی کا موازنہ فرانس کے دارالحکومت پیرس سے کردیا۔
حال ہی میں انہوں نے نجی ٹی وی چینل اے آر وائی نیوز کے مقبول شو 'ہر لمحہ پُر جوش' میں شرکت کی، جہاں پروگرام کے ایک دلچسپ سیگمنٹ کے دوران میزبان نے ان سے کچھ نامکمل جملے مکمل کرنے کی فرمائش کی۔
میزبان کی جانب سے جب یہ سوال پوچھا گیا کہ "کراچی میں رہنا ایسا ہے جیسے ۔۔۔"، تو پی پی رہنما نے چند لمحے سوچ بچار کے بعد مسکراتے ہوئے جواب دیا کہ "کراچی میں رہنا ایسا ہے جیسے پیرس میں رہنا"۔
شرمیلا فاروقی کا یہ غیر متوقع اور دلچسپ جواب سن کر اسٹوڈیو میں موجود سابق کرکٹرز اور دیگر مہمان نہ صرف مسکرا اٹھے بلکہ انہوں نے تالیاں بجا کر اس کا بھرپور استقبال بھی کیا۔
سوشل میڈیا پر بھی پیپلز پارٹی کی رہنما کے اس بیان کو دلچسپی سے دیکھا جا رہا ہے جس میں انہوں نے روشنیوں کے شہر کو بین الاقوامی شہر کے برابر قرار دیا۔