معاشی خود انحصاری آزادی کے حقیقی جذبے کے لیے لازمی ہے، گورنر اسٹیٹ بینک

image

پاکستان کے 79ویں یومِ آزادی کے موقع پر اسٹیٹ بینک آف پاکستان میں پرچم کشائی کی تقریب ہوئی۔ گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد نے کہا کہ آزادی کے حقیقی جذبے کو قائم رکھنے کے لیے معاشی خود انحصاری لازمی ہے، مضبوط ادارے، قانون کی پاسداری اور قومی اتحاد ملکی ترقی کے لیے اہم ہیں۔

گورنر اسٹیٹ بینک نے کہا کہ اسٹیٹ بینک کی توجہ قیمتوں کے استحکام، پالیسی اصلاحات اور برآمدات کے لیے سازگار ماحول بنانے پر مرکوز ہے۔ گزشتہ مالی سال اوسط مہنگائی 7.1 فیصد رہی جبکہ مالی سال 2027 میں معاشی نمو 3.5 سے 4.5 فیصد رہنے کی توقع ہے۔

جمیل احمد کے مطابق بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے ریکارڈ ترسیلات زر بھیجیں، مالی سال 2027 میں ترسیلات زر 44 ارب ڈالر تک پہنچنے کی توقع ہے جبکہ زرمبادلہ کے ذخائر میں بھی بہتری آرہی ہے اور اسٹیٹ بینک کے ذخائر 21 ارب ڈالر سے تجاوز کرسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل ادائیگیوں کے فروغ سے ریٹیل ڈیجیٹل لین دین کا حجم تقریباً 10 ارب سے بڑھ کر 12 ارب ہوگیا ہے۔ ڈیجیٹل ادائیگیوں میں اضافہ زیادہ دستاویزی اور شفاف معیشت کی جانب اہم قدم ہے۔

گورنر اسٹیٹ بینک نے کہا کہ معاشی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے عزم، حوصلے اور انتھک محنت کی ضرورت ہے، جبکہ اسٹیٹ بینک معاشرے کے تمام طبقات کو باضابطہ مالی نظام تک رسائی فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US