اسلام آباد میں وفاقی وزیر توانائی سردار اویس لغاری نے آئیسکو اے ایم آئی کنٹرول سینٹر کا دورہ کیا، جہاں سی ای او آئیسکو چوہدری خالد محمود نے ان کا استقبال کیا اور انہیں اے ایم آئی منصوبے پر تفصیلی بریفنگ دی۔
وفاقی وزیر نے بتایا کہ آئیسکو کے تقریباً 25 فیصد صارفین کے لیے جدید اے ایم آئی میٹرز کی تنصیب مکمل ہوچکی ہے، جبکہ اس نظام کے ذریعے اوور بلنگ کے مسئلے پر قابو پایا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انسانی مداخلت کے خاتمے سے بلنگ سسٹم مزید شفاف اور مؤثر ہو رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جون کے بعد صارفین کو بل اور سسٹم اسٹیٹس کی فوری معلومات موبائل ایپلیکیشن کے ذریعے دستیاب ہوں گی، جبکہ ون لنک کے ذریعے بجلی کے بلوں کی ادائیگی بھی مزید آسان ہوجائے گی۔
اویس لغاری کے مطابق میٹر تبدیل کیے بغیر نیٹ میٹرنگ کی سہولت بھی موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے وژن کے مطابق بجلی کے شعبے میں شفاف اور جدید نظام متعارف کرایا جا رہا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ آئیسکو میں 11 سے 12 لاکھ جدید میٹرز کی کنٹرول سینٹر سے مانیٹرنگ کی جا رہی ہے، جس کے ذریعے وولٹیج، کرنٹ اور دیگر ڈیٹا کی مکمل نگرانی ممکن ہے۔ اس نظام سے خرابیوں کی فوری نشاندہی اور بروقت حل میں مدد مل رہی ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ جدید میٹرز میں بجلی چوری کی روک تھام کے لیے الارم اور ایونٹ سسٹم بھی شامل ہے، جبکہ کنکشن کی منقطع اور بحالی کی لاگت میں نمایاں کمی آئے گی۔
انہوں نے اعلان کیا کہ اے ایم آئی سسٹم کو ملک بھر میں وسعت دی جائے گی اور جلد ایک کروڑ سے زائد اے ایم آئی میٹرز کی تنصیب کا منصوبہ شروع کیا جائے گا۔ سنگل فیز میٹرز کی تیز رفتار ڈیجیٹائزیشن کو بھی ترجیح دی جا رہی ہے، جس سے صارفین کو نمایاں سہولت ملے گی۔