سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے آئندہ ہفتے سے سکھر تا شکارپور پیپلز بس سروس شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
محکمہ ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ کے زیرِ صدارت اجلاس ہوا جس میں شہریوں کو بہتر سفری سہولیات فراہم کرنے اور نئے روٹس متعارف کرانے سے متعلق اہم فیصلے کیے گئے۔ترجمان کے مطابق اجلاس میں سکھر، حیدرآباد اور دیگر شہروں میں ٹرانسپورٹ نیٹ ورک کو وسعت دینے، جبکہ خواتین کے لیے خصوصی اقدامات پر بھی غور کیا گیا۔
مزید بتایا گیا کہ سکھر اور حیدرآباد میں خواتین کے لیے پنک اسکوٹیز دینے کی تقریبات جلد منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اسی طرح آئندہ مالی سال کے دوران ای وی، ہائبرڈ اور ڈبل ڈیکر بسوں کی خریداری بھی منصوبے میں شامل ہے۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ حیدرآباد کے لیے بھی خصوصی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے جس کے تحت حیدر چوک تا کوہسار اور حیدرآباد تا ٹنڈو الہیار روٹس پر پیپلز بس سروس شروع کی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ صوبے کے مختلف اضلاع میں مرحلہ وار بس سروس متعارف کرائی جائے گی جبکہ کراچی میں بڑھتی آبادی کے پیش نظر نئے روٹس بھی شامل کیے جائیں گے۔
سینئر وزیر کے مطابق سکھر تا شکارپور پیپلز بس سروس آئندہ ہفتے باقاعدہ شروع کر دی جائے گی جبکہ ای وی ٹیکسی منصوبے کی تمام فارملٹیز بھی رواں ماہ مکمل کر لی جائیں گی۔