وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے گندم کے کاشتکاروں کیلئے بڑے ریلیف پیکج کا اعلان کرتے ہوئے 6 ارب روپے مالیت کا باردانہ مفت فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی ہے کہ کاشتکاروں سے 3500 روپے فی من کے حساب سے گندم کی فوری خریداری شروع کی جائے۔ رجسٹرڈ کسانوں کو پرچیز سینٹرز سے فی ایکڑ 10 بوری باردانہ دیا جائے گا جبکہ کسان کارڈ ہولڈرز کو ترجیحی بنیادوں پر سہولت فراہم کی جائے گی۔
مزید ہدایت کے مطابق گندم خریداری کے بعد 72 گھنٹوں کے اندر ادائیگی یقینی بنائی جائے گی تاکہ کاشتکاروں کو کسی مالی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
اس کے علاوہ وزیراعلیٰ پنجاب نے نوجوانوں کیلئے ورک ود پنجاب گورنمنٹ انٹرن شپ پروگرام شروع کرنے کا بھی اعلان کیا ہے، جس کے تحت ایگری کلچر سمیت مختلف شعبوں کے گریجویٹس کو عملی تربیت کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔
مریم نواز کا کہنا ہے کہ حکومت کسانوں کو ہر ممکن ریلیف فراہم کرے گی اور زرعی ترقی کو پائیدار بنیادوں پر استوار کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ دو برس میں صوبے میں زرعی انقلاب لانے کا ہدف رکھا گیا ہے۔