عالمی ترقی کی رفتار متاثر، پاکستان میں مہنگائی بڑھنے کا خدشہ ہے، آئی ایم ایف

image

آئی ایم ایف نے ورلڈ اکنامک آؤٹ لک رپورٹ 2026 جاری کردی، جس میں کہا گیا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں جاری تنازع نے عالمی معیشت کو متاثر کیا ہے، جس کے باعث عالمی معاشی ترقی کی رفتار 0.2 فیصد کمی کے بعد 3.4 فیصد رہنے کا امکان ہے۔

رپورٹ کے مطابق پاکستان میں بھی معاشی سرگرمیاں سست رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ رواں مالی سال کے دوران شرح نمو 3.6 فیصد رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے جبکہ حکومت نے 4.2 فیصد کا ہدف مقرر کر رکھا ہے۔

آئی ایم ایف نے مہنگائی میں اضافے کی پیشگوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ رواں مالی سال میں افراطِ زر 7.2 فیصد تک رہ سکتا ہے، جبکہ آئندہ مالی سال میں یہ مزید بڑھ کر 8.4 فیصد تک جانے کا خدشہ ہے۔ گزشتہ مالی سال میں مہنگائی کی شرح 4.5 فیصد ریکارڈ کی گئی تھی۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ملک میں بے روزگاری کی شرح میں معمولی کمی متوقع ہے، جو اس سال 7.1 فیصد سے کم ہو کر 6.9 فیصد اور اگلے مالی سال میں مزید کم ہو کر 6.5 فیصد تک آ سکتی ہے۔

مزید کہا گیا ہے کہ رواں مالی سال کے دوران کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ جی ڈی پی کے 0.4 فیصد تک رہنے کا امکان ہے، جبکہ اگلے سال یہ بڑھ کر 0.9 فیصد تک جا سکتا ہے۔

آئی ایم ایف کے مطابق مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کے باعث عالمی توانائی سپلائی اور مارکیٹس متاثر ہوئی ہیں، اور اس صورتحال میں ممالک کو نئی معاشی ترجیحات طے کرنے کی ضرورت ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اس تنازع کی شدت اور دورانیہ ہی مستقبل کی عالمی معاشی صورتحال کا تعین کرے گا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US