ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات کے دوسرے دور سے متعلق اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ ایرانی حکام نے عندیہ دیا ہے کہ اگر مذاکرات کا دوسرا مرحلہ ہوتا ہے تو پاکستان ان کی ترجیح ہوگا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکا اور ایران کے درمیان ایک اور مذاکراتی دور جلد اسلام آباد میں ہونے کی اطلاعات تیزی سے گردش کر رہی ہیں۔ ایرانی حکام نے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ مذاکرات کے لیے تیار ہیں تاہم دوسری جانب سے حتمی موقف سامنے نہیں آیا۔
برطانوی خبر ایجنسی رائٹرز نے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ دونوں ممالک کے وفود رواں ہفتے امن مذاکرات کے لیے دوبارہ اسلام آباد آسکتے ہیں۔ پاکستان میں ایرانی سفارتخانے کے ایک اہلکار نے بھی رائٹرز کو بتایا کہ امریکا ایران مذاکرات کا اگلا دور اسی ہفتے یا اگلے ہفتے کے آغاز میں ممکن ہے۔
اس سے قبل امریکی خبر ایجنسی نے پاکستانی حکام کے حوالے سے رپورٹ کیا تھا کہ پاکستان نے امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کے دوسرے مرحلے کی میزبانی کی پیشکش کی ہے۔ رپورٹس کے مطابق یہ مذاکرات جمعرات کو اسلام آباد میں ہونے کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔