وفاقی وزیر مذہبی امور نے عازمینِ حج سے اضافی اخراجات وصول کرنے کی ایئرلائنز کی کوشش ناکام بنا دی اور واضح ہدایات جاری کر دیں۔
ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر نے دوٹوک مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ حج اخراجات، جن میں ایئر ٹکٹ بھی شامل ہے عازمین سے درخواست جمع کراتے وقت ہی وصول کیے جا چکے ہیں اس لیے بعد میں کسی بھی قسم کی اضافی رقم طلب کرنا قابل قبول نہیں۔
وزیر مذہبی امور نے حج آپریشن کو تیز کرنے کے لیے ایئرلائنز کو فوری طور پر ٹکٹس جاری کرنے کی ہدایت بھی دی۔ اس وقت متعدد عازمین، جن کی ویکسینیشن مکمل ہو چکی ہے، تاحال اپنے ٹکٹس کے منتظر ہیں۔
دوسری جانب ترجمان وزارت مذہبی امور کا کہنا ہے کہ ایئرلائنز کے ساتھ ہونے والے اہم اجلاس میں معاملات طے پا گئے ہیں اور توقع ہے کہ آج سے عازمینِ حج کو ٹکٹس کا باقاعدہ اجراء شروع کر دیا جائے گا۔حکام کے مطابق تمام اقدامات کا مقصد عازمین کو سہولت فراہم کرنا اور حج انتظامات کو بروقت مکمل کرنا ہے۔