خیبر پختونخوا: کانگو وائرس سے بچاؤ کے لیے ہائی الرٹ جاری

image

خیبر پختونخوا کے اسپتالوں میں کانگو وائرس (CCHF) سے بچاؤ کے لیے ہائی الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔

محکمہ صحت کی جانب سے عیدالاضحیٰ سے قبل جاری کردہ ایڈوائزری میں ہدایت کی گئی ہے کہ ممکنہ کانگو کیسز پر فوری توجہ دی جائے اور مشتبہ مریضوں کے نمونے پبلک ہیلتھ لیبارٹری کو بھجوائے جائیں۔

ایڈوائزری کے مطابق اسپتالوں میں انفیکشن سے بچاؤ کے سخت اقدامات لازم قرار دیے گئے ہیں جبکہ طبی عملے کو پی پی ای کٹس کے استعمال اور انفیکشن کنٹرول پروٹوکول پر مکمل عمل کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ مشتبہ کیسز کے نمونے محفوظ طریقے سے ٹرپل پیکجنگ کے ذریعے لیبارٹری منتقل کیے جائیں گے۔

محکمہ صحت نے عوام کو بھی ہدایت کی ہے کہ وہ عید کے موقع پر مویشیوں کے ساتھ احتیاط برتیں اور غیر محفوظ یا بیمار جانوروں سے دور رہیں۔ ایڈوائزری میں مویشی پال حضرات اور قصائیوں کو خاص طور پر زیادہ خطرے کا شکار قرار دیا گیا ہے۔

ماہرین کے مطابق کانگو وائرس متاثرہ خون اور جسمانی رطوبتوں کے ذریعے پھیلتا ہے جبکہ چیچڑ (ٹک) کے کاٹنے سے بھی اس کے پھیلاؤ کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ اسی وجہ سے مویشیوں میں ٹک کنٹرول اور ذبح سے قبل مکمل معائنے پر بھی زور دیا گیا ہے۔

محکمہ صحت نے کانگو وائرس کی تشخیص کے لیے پی سی آر اور ایلیسا ٹیسٹ کی سہولت کو فعال رکھنے کی ہدایت بھی جاری کی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US