اسلام آباد: ریڈ زون میں سرکاری دفاتر کے لیے ورک فرام ہوم، تعلیمی ادارے بھی بند

image

اسلام آباد میں وفاقی حکومت نے سیکیورٹی اور انتظامی وجوہات کے باعث پیر 20 اپریل کو ریڈ زون میں قائم تمام سرکاری دفاتر کے لیے ورک فرام ہوم کا اعلان کر دیا ہے۔

کابینہ ڈویژن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ریڈ زون میں موجود تمام وزارتوں، ڈویژنز اور دیگر وفاقی اداروں کے افسران و ملازمین گھر سے اپنے فرائض انجام دیں گے۔ ملازمین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے اسٹیشن پر موجود رہیں اور ضرورت پڑنے پر فوری دفتر پہنچنے کے لیے تیار رہیں۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ سرکاری امور کی بلا تعطل انجام دہی کے لیے تمام ضروری انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔

دوسری جانب ضلعی انتظامیہ نے بھی ریڈ زون کے اندر واقع تعلیمی اداروں کو 20 اپریل کو بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ اسکولوں کو آن لائن یا متبادل تدریسی نظام اپنانے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔

ادھر ورک فرام ہوم کے فیصلے کے بعد الیکشن کمیشن میں آج کے لیے مقرر تمام کیسز بھی ملتوی کر دیے گئے ہیں ترجمان کے مطابق نئی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US