بنوں میں سیکیورٹی فورسز نے کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران فتنۃ الخوارج کے انتہائی مطلوب 2 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق کارروائی خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر کی گئی جہاں شدید فائرنگ کے تبادلے میں دونوں دہشتگرد مارے گئے۔ ہلاک افراد کے قبضے سے خودکش جیکٹ، اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشتگردوں میں رنگ لیڈر وحید اللہ عرف مختیار اور ایک خودکش بمبار شامل ہے۔ وحید اللہ دہشتگردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث رہا اور انتہائی مطلوب افراد کی فہرست میں شامل تھا۔
ترجمان کے مطابق دہشتگرد سیکیورٹی فورسز کے اہلکاروں اور بے گناہ شہریوں کی شہادتوں میں ملوث تھا جبکہ وہ 21 فروری 2026 کو بنوں میں ہونے والے خودکش حملے کا مرکزی سہولتکار بھی تھا جس میں لیفٹیننٹ کرنل گل فراز شہید ہوئے تھے۔
سیکیورٹی فورسز کا کہنا ہے کہ علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔