پاکستان کو سعودی عرب کی جانب سے مزید ایک ارب ڈالرز کے فنڈز موصول ہوگئے ہیں۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے سعودی وزارت خزانہ کی جانب سے یہ رقم وصول ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ یہ سعودی حکومت کی طرف سے پہلے اعلان کردہ تین ارب ڈالر کے ڈپازٹ کی دوسری قسط ہے۔
مرکزی بینک کے مطابق سعودی عرب نے 15 اپریل کو پہلے ہی دو ارب ڈالر پاکستان بھیج دیے تھے، جس کے بعد اب تین ارب ڈالرز کی کل امداد مکمل ہوگئی ہے۔
دوسری جانب وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے چند روز قبل بتایا تھا کہ سعودی عرب نے پانچ ارب ڈالر کے سالانہ رول اوور کو بھی تین سال کے لیے توسیع دے دی ہے، جس کی نئی میچورٹی 2028ء تک ہوگی۔
واضح رہے کہ پاکستان نے متحدہ عرب امارات کو گزشتہ ہفتے دو ارب ڈالر کے ڈپازٹس 45 کروڑ روپے سود کے ساتھ ادا کیے تھے، جبکہ متحدہ عرب امارات کو ایک ارب ڈالر کی مزید ادائیگی 23 اپریل کو ہونی ہے۔