ملک بھر سے جاری حج فلائٹ آپریشن میں نمایاں تیزی آگئی ہے۔ پی اے اے ذرائع کے مطابق اب تک 21 پروازوں کے ذریعے 5 ہزار 250 سرکاری عازمین حج مدینہ منورہ پہنچ چکے ہیں، جبکہ آج 13 حج پروازوں کے ذریعے مزید 3 ہزار 510 عازمین حج روانہ ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق آج اسلام آباد سے 4، کراچی، لاہور، ملتان اور کوئٹہ سے 2، 2 جبکہ سیالکوٹ سے ایک حج پرواز روانہ ہوگی۔ سرکاری عازمین حج کے فضائی آپریشن میں پی آئی اے، سعودی ایئر، بلیو اور ایئر سیال شامل ہیں۔
ادھر ملک کے دس حاجی کیمپوں میں عازمین کی مرحلہ وار تربیت، سفری دستاویزات اور ویکسین کی فراہمی کا عمل جاری ہے۔ وزارت مذہبی امور کا عملہ پاکستانی اور سعودی ایئرپورٹس پر 24 گھنٹے عازمین کی رہنمائی کے لیے تعینات ہے۔ حج فلائٹ آپریشن 31 مئی تک بلا تعطل جاری رہے گا۔