کراچی: بھتہ خوری کے خلاف صنعتکار سڑکوں پر نکل آئے، شدید احتجاج

image

نارتھ کراچی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (نکاٹی) کے صنعتکار بھتہ خوری اور امن و امان کی ابتر صورتحال کے خلاف سڑکوں پر نکل آئے اور شدید احتجاج ریکارڈ کروایا۔ اس موقع پر مظاہرین نے صنعتکاروں کو تحفظ فراہم کرنے اور بھتہ خور عناصر کے خلاف فوری کارروائی کا مطالبہ کیا۔

صدر نکاٹی فیصل معیز خان نے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ روز نکاٹی کے ممبر کو فائرنگ کر کے زخمی کردیا گیا تھا۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ متاثرہ صنعتکار اس وقت اسپتال میں زیر علاج ہے جسے دو گولیاں لگی ہیں اور اس کی حالت تشویشناک ہے۔ فیصل معیز خان کا کہنا تھا کہ صنعتکاروں کو مسلسل دھمکیاں دی جا رہی ہیں اور ان سے بھتہ طلب کیا جا رہا ہے، جس کی وجہ سے صنعتی طبقے میں شدید عدم تحفظ پایا جاتا ہے۔

انہوں نے وزیر اعلیٰ سندھ اور صوبائی وزیر داخلہ سے اپیل کی ہے کہ وہ بھتہ خوری کے بڑھتے واقعات کا نوٹس لیں اور ملوث جرائم پیشہ افراد کے خلاف بلاامتیاز آپریشن شروع کریں۔ صدر نکاٹی نے مزید کہا کہ ملک کی معیشت میں کلیدی کردار ادا کرنے والے صنعتکاروں کو تحفظ فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے، تاکہ صنعتی عمل بلا تعطل جاری رہ سکے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US