شہر قائد میں اسٹریٹ کرائم کی ایک اور اندوہناک واردات میں جوہر موڑ کے قریب فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا، مقتول کی شناخت اسلم کے نام سے ہوئی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب اسلم اپنے ایک دوست کے ہمراہ سامان لینے کے لیے جوہر موڑ آیا تھا۔ مقتول کے دوست نے بیان میں بتایا کہ وہ دونوں ساتھ کام کرتے ہیں اور خریداری کے سلسلے میں وہاں موجود تھے کہ اسی دوران اسلم بائیک کے پاس کھڑے ہوکر موبائل فون استعمال کر رہا تھا۔
عینی شاہد دوست کے مطابق اسی اثنا میں نامعلوم ملزمان موقع پر پہنچے، انہوں نے بغیر کچھ کہے اسلم سے موبائل فون چھینا اور مزاحمت یا کسی بات چیت کے بغیر اسے گولی مار دی، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا جبکہ ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
مقتول کے دوست نے مزید بتایا کہ اسلم پہلے ہی مشکلات کا شکار تھا، کچھ عرصہ قبل اس کا گھر سیلاب میں بہہ گیا تھا۔ اسلم تین بچوں کا باپ تھا جبکہ اس کی اہلیہ اور بچے گاؤں میں مقیم ہیں۔
واقعے کے بعد پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کرلیے ہیں اور ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے، جبکہ علاقے میں بڑھتے ہوئے اسٹریٹ کرائمز پر شہریوں میں شدید تشویش پائی جاتی ہے۔