وزارت توانائی کے پاور ڈویژن کے ترجمان نے ملک میں بجلی کی مجموعی صورتحال پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ رات پیک ٹائم کے دوران بجلی کی فراہمی میں بہتری دیکھنے میں آئی۔
ترجمان کے مطابق صوبوں میں بڑھتی ہوئی طلب کے پیش نظر ڈیموں سے پانی کے زیادہ اخراج کے ذریعے 5125 میگاواٹ بجلی پیدا کی گئی جس سے نظام کو مؤثر سہارا ملا۔
انہوں نے بتایا کہ جنوبی علاقوں سے سینٹرل گرڈ تک 400 میگاواٹ بجلی کی ترسیل بلا تعطل جاری رہی جبکہ تقسیم کار کمپنیوں نے طلب میں اضافے کے باوجود صرف محدود وقت کے لیے لوڈ مینجمنٹ کی۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ زیادہ نقصانات والے فیڈرز پر پالیسی کے مطابق اکنامک لوڈ مینجمنٹ جاری ہے تاہم اس کا پیک ٹائم لوڈ شیڈنگ سے کوئی تعلق نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایل این جی کی دستیابی بہتر ہونے سے پیک ٹائم لوڈ مینجمنٹ میں مزید کمی ممکن ہے تاہم اس وقت کمی کے باعث تقریباً 5500 میگاواٹ کے پاور پلانٹس سے بجلی کی پیداوار متاثر ہو رہی ہے۔