وفاقی وزیر اطلاعات عطااللّٰہ تارڑ نے کہا ہے کہ کشمیر ایک تسلیم شدہ بین الاقوامی مسئلہ ہے جبکہ بھارت اسے مسلسل اندرونی معاملہ قرار دینے کی کوشش کر رہا ہے۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ بھارت اپنے داخلی معاملات کو بیرونی اور بیرونی معاملات کو داخلی رنگ دے رہا ہے تاہم اس کی یہ حکمت عملی اب دنیا کے سامنے واضح ہو چکی ہے۔
عطااللّٰہ تارڑ کے مطابق پہلگام فالس فلیگ آپریشن کو ایک سال مکمل ہو چکا ہے لیکن بھارت اب تک اس واقعے پر تسلی بخش جواب دینے میں ناکام رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ محض 10 منٹ میں ایف آئی آر کا اندراج اس کے پہلے سے تیار ہونے کی نشاندہی کرتا ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ عالمی میڈیا، بھارتی سول سوسائٹی، سیاستدانوں اور تھنک ٹینکس نے بھی اس واقعے پر سنگین سوالات اٹھائے ہیں۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ بھارت میں مسلمانوں اور دیگر اقلیتوں کے حقوق متاثر ہو رہے ہیں جبکہ سکھ رہنماؤں کے قتل کے شواہد بھی سامنے آئے ہیں، عطااللّٰہ تارڑ نے کہا کہ جعفر ایکسپریس اور خضدار سمیت مختلف دہشت گردی واقعات میں بھارت کے ملوث ہونے کے شواہد موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھارت کو ماضی کی طرح مستقبل میں بھی اپنی پالیسیوں میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا۔